کراچی …سندھ سیکریٹریٹ میں واقع صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا کے دفتر میں پراسرار آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل گیا ،جبکہ صوبائی وزیر فشریز کے دفتر کو بھی نقصان پہنچا ،اہم دستاویز ات جل کر خاکستر ہوگیا۔
فائر بریگیڈ نے 3گاڑیوں کی مدد سے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ سیکریٹریٹ کی بیرک نمبر 91میں جمعہ کی سہ پہر تقریبا ایک بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے دھوئیں اور شعلوں سے سیکریٹریٹ میں خوف و ہراس پھیل گیا اور تمام ملازمین دفتروں سے باہر نکل آئے ،آگ کی اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کے ساتھ فائر بریگیڈ کی 3گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی
ترجمان نے بتایا کہ آگ پر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا جبکہ آگ لگنے سے بیرک میں قائم دفاتر میں رکھا تمام سامان اور ریکارڈ بھی جل گیا ،جبکہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہونے کا خدشہ ہے
پولیس نے کہا کہ آگ صوبائی وزیر ترقی نسواں شہلا رضا کے دفتر میں لگی تھی جس کی لپیٹ میں آکر صوبائی وزیر فشریز و لائیو اسٹاک عبدالباری پتافی کے دفتر کا ریکارڈ جل گیا،جبکہ آگ سے محکمہ ترقی و منصوبہ بندی کے ڈائریکٹر ایویلیوایشن کا دفتر بھی متاثر ہوا،پولیس نے مزید کہا کہ نماز کے وقفے کے باعث دفتر میں کوئی اسٹاف موجود نہیں تھا اس لئے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔