Home / اسپورٹس / 10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی

10 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ لوٹ آئی

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک )نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے 73رنز کا پر اعتماد آغاز فراہم کیا۔پاکستان کو پہلا نقصان امام الحق کی وکٹ کی صورت میں اٹھانا پڑا، وہ 31 رنز کی اننگز کھیل کر ونندو ہسارانگا ڈی سلوا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔نئے آنے والے بیٹسمین بابر اعظم نے فخرزمان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 31 رنز جوڑے، لیکن جب مجموعی اسکور 104 رنز پر پہنچا تو 54 رنز بناکر ونندو ہسارانگا ڈی سلواکی گیند ایسوروادانا کو کیچ دے بیٹھے۔بابر اعظم اور حارث سہیل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیز رفتاری سے اسکور میں اضافہ کیا اور تیسری وکٹ کی شراکت میں 111رنز جوڑ کر ٹیم کا مجموعی اسکور 215 تک پہنچادیا۔اس موقع پر حارث سہیل 40 کے انفرادی اسکور پر رن لینے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوابیٹھے۔اس دوران بابر اعظم نے ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں 11ویں سنچری مکمل کی۔کپتان سرفراز احمد زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 8 کے اسکور پر رن آوٹ ہوگئے۔ابھی اسکور میں 19 رنز کا ہی اضافہ ہوا تھا کہ ان فارم بیٹسمین بابر اعظم 105 گیندوں پر 115 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔بابر اعظم کی اننگز میں چار چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔افتخار احمد نے 20 گیندوں پر ناقابل شکست 32 رنز بنائے جبکہ عماد وسیم 12 اور وہاب ریاض 2 رنز بناکر آوٹ ہوئے، یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے ونندو ہسارانگا ڈی سلوا نے دو جبکہ ایسورو ادانا اور لہیرو کمارا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کو 18 رنز پر پہلا نقصان اس وقت ہوا جب سدیرا سماراوکرما صرف 6 رنز بناکر عثمان شنواری کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔مجموعی اسکور میں صرف 4 رنز کے اضافے پر دوسرے اوپننگ بیٹسمین دنشکا گوناتھلاکا 14 رنز کی اننگز کھیل کر محمد عامر کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے۔نئے آنے والے بیٹسمین اوشکا فرنانڈو بغیر کھاتہ کھولے عثمان شنواری کا شکار بنے، لہیرو تھریمانے کو بھی عثمان شنواری نے صفر پر پویلین کی راہ دکھائی۔اوشادا فرنانڈو صرف ایک رن بناکر عماد وسیم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔آدھی ٹیم کی پویلین واپسی کے بعد شیہان جے سوریا اور داسون شناکا نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی پاکستانی بولرز کا جم کر سامنا کرتے ہوئے چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی شاندار شراکت بناکر ٹیم کی پوزیشن کو بہتر بنایا لیکن شیہان جے سوریا 96 رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوگئے۔جے سوریا کے آوٹ ہونے کے بعد داسون شنکاکا بھی زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 68 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر فخرزمان کو کیچ دے بیٹھے۔دونوں بیٹسمینوں کے آوٹ ہوتے ہی سری لنکن ٹیم کی تمام امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔ایسورو ادانا کو عثمان شنواری نے پویلین کی راہ دکھائی، اننگز میں شنواری کی یہ پانچویں وکٹ تھی۔لہیرو کمارا صرف ایک رن بناسکے، یوں سری لنکا کی پوری ٹیم 238 رنز پر آوٹ ہوگئی۔پاکستان کی طرف سے عثمان خان شنواری سب سے کامیاب بولر رہے، انہوں نے حریف ٹیم کے پانچ بیٹسمینوں کو پویلین کی راہ دکھائی، شاداب خان نے دو جبکہ محمد عامر، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔تیسرا ون ڈے بدھ کو کھیلا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے