فیصل آباد( اسپورٹس ڈیسک )سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا۔سری لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل فیصل آباد میں فوٹو سیشن کرایا تھا جس میں سرفراز احمد بھی موجود تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کو فیصل آباد میں ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں نے سرفراز احمد سے سخت اور تندوتیز سوالات کیے۔سوالات کرنے والوں پر پی سی بی حکام کنٹرول کرنے میں ناکام رہے جبکہ عینی شاہدین کے مطابق صحافیوں نے سرفراز احمد کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ پریس کانفرنس میں سوالات سے دلبرداشتہ ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی کپتانی سے انکار کردیا۔ سرفراز احمد نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا اور عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں گا۔سرفراز احمد عام کھلاڑی کی حیثیت سے بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بدتمیزی سے سرفراز احمد اپ سیٹ تھے اور انہوں نے کپتانی کرنے سے معذرت کر لی۔ سندھ کی ٹیم نے سرفراز احمد کے انکار کے بعد اسد شفیق کو کپتان مقرر کیا ہے۔