Home / تازہ ترین / محکمہ تعلیم کے انقلابی اقدامات دعوؤں تک محدود

محکمہ تعلیم کے انقلابی اقدامات دعوؤں تک محدود

کراچی ( رپورٹ:سید محمود اللہ ) کامرس انٹر میڈیٹ ریگولر کے امتحانات میں 68سرکاری کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز کے مایوس کن نتائج، طلبہ کی کامیابی کا تناسب 20فیصد سے بھی کم رہا، وزیر اعلیٰ سندھ کی تعلیمی ایمرجنسی اور محکمہ تعلیم کے انقلابی اقدامات دعوے تک محدور رہے۔ تفصیلات کے مطابق کامرس یگولر سال دوئم ( بارہویں جماعت) 2019ءکے سالانہ امتحانا ت کے نتائج نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی تعلیمی ایمرجنسی اور محکمہ تعلیم کے انقلابی اقدامات کی قلعی کھول دی۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورد کراچی کے نتائج کے مطابق انٹر میڈیٹ کامرس ریگولر کے امتحانات میں 68سرکاری کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز کے 20فیصد سے بھی کم طلبہ کامیاب ہوسکے جبکہ100فیصد نتائج میں صرف ایک سرکاری کالج گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری اسکول کیماڑی شامل ہے جس کی 2طالبات نے امتحانات میں شرکت کی اور ایک طالبہ سی گریڈ دوسری ڈی گریڈ حاصل کر کے کامیاب قرار پائیں ۔ 100فیصد نتائج دینے والے 9تعلیمی اداروں میں 8نجی تعلیمی ادارے ہیں۔ ایک سرکاری کالج گورنمنٹ گرلز ڈگری سائنس آرٹس کالج اورنگی ٹاؤن سکیٹر ساڑھے 11کا نتیجہ صفر فیصد رہا۔مذکورہ کالج کی 2طالبات نے امتحانات میں شرکت کی اور دونوں فیل ہوگئیں۔ 20فیصد سے کم نتائج لانے والوں میں 6ہائر سکینڈری اسکول شامل ہیں جن میں گورنمنٹ گرلز کمپری ہینسیو ہائر سکینڈری اسکول بلا ک Mنارتھ ناظم آباد ، این جے وی گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری اسکول اردو میڈیم، حسینی گورنمنٹ بوائز ہائر سکینڈری اسکول ، گورنمنٹ بوائز کمپری ہینسیو ہائر سکینڈری اسکول عزیز آباد ایف بی ایریا، سی ایم ایس گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول کیمپس اسکول بوائز اینڈ گرلز نشتر روڈ اور گورنمنٹ بوائز بابا ولایت علی شاہ ہائر سکینڈری اسکول ہیں۔ ڈائریکٹریٹ اسکول ایلیمنٹری ، سیکنڈری اور ہائر سکینڈری اسکول نے اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ گذشتہ تین سالوں سے انٹر بورڈ کراچی کی جانب سے ڈائریکٹریٹ کو نہ ہی نتائج کی کاپی فراہم نہیں کی جارہی اور نہ ہی مطلع کیا جاتا ہے۔ڈائریکٹراسکولز ایلیمنٹری ، سکینڈری اور ہائر سکینڈری حامد کریم کے مطابق ہمیں تو پتہ ہی نہیں چلتا کہ کب نتائج کا اجراءکیا گیا اور کس ہائر سکینڈری اسکول کی کیا کار کردگی ہے جب مارکس شیٹ آتی ہے اور اپنے طور پر نتائج کو جمع کرتے ہیں تب ہمیں انداز ہ ہوتا ہے کہ ہائر سکینڈری اسکولز کے نتائج کیا آئے ہیں ۔ انٹر بورڈ کراچی کو چاہیے کہ وہ نتائج کے اجراءکے وقت نتائج کا گزٹ ہمیں بھی فراہم کرے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے