Home / پاکستان / سندھ حکومت اسٹیل مل کو خود چلائے گی،سعید غنی

سندھ حکومت اسٹیل مل کو خود چلائے گی،سعید غنی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم اسٹیل مل سے 9500ملازمین کو نکالنے کے خلاف ان ملازمین کے ساتھ ہیں اور ہر فورم پر پاکستان پیپلز پارٹی ان ملازمین کا تحفظ کرے گی۔ موجودہ حکومت کی نظر اسٹیل مل کی اربوں روپے کی زمین پر ہے جبکہ یہ زمین سندھ حکومت کی ہے اور ہم کسی صورت ان کے اے ٹی ایم کو یہ زمین نہیں لینے دیں گے۔ سندھ حکومت نے ماضی میں نواز شریف کی جانب سے اسٹیل مل کی نجکاری کے خلاف آواز بلند کی تھی اور اب بھی ہم ان ملازمین کو نکالے جانے پر خاموش نہیں رہیں گے۔

سندھ حکومت اسٹیل مل کو خود چلائے گی اس پر وفاق ہم سے بیٹھ کر بات کرے۔ امریکی نژاد ایک خاتون کو ہمارا میڈیا ہیڈ لائن بنا کر پیش کررہا ہے، جس کا مقصد پاکستانی سیاستدانوں کا امیج عوام کی نظروں میں خراب کرنا ہے اور اس وقت جو مشکلات اور چیلنجز اس ملک میں عوام کو درپیش ہیں ان سے توجہ ہٹانا ہے۔ کرونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اس کے لئے سندھ حکومت سرکاری اسپتالوں میں مزید سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سعید غنی نے کہا کہ آج سپریم کورٹ کے کندھوں کو استعمال کیا جارہا ہے اوراس کے فیصلے کو جواز بنا کر ساڑے نو ہزار اسٹیل مل کے ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو بھی خفیہ منصوبہ بنایا ہے، کیا اس حکومت نے سی سی آئی سے س کی منظوری لی ہے کیونکہ اسی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے میں یہ بات واضح ہے کہ اگر وفاقی حکومت کسی بھی ادارے کی نجکاری کرے یا کوئی اور اقدام کرے تو پہلے اسے آئی سی سی سے اس کی منظوری لینی ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے