Home / پاکستان / کرونا ملک میں بے قابو ، ایک روز میں ریکارڈ 105 ہلاکتیں

کرونا ملک میں بے قابو ، ایک روز میں ریکارڈ 105 ہلاکتیں

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)ملک بھر میں کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں اور ایک ہی دن میں اس وائرس نے ریکارڈ 105افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیئے جب کہ مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 861 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز 24 ہزار 620 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک میں کورونا کے مجموعی طور پر 7 لاکھ 30 ہزار 453 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 4 ہزار 646 کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 10 ہزار 861 ہوگئی جب کہ 35 ہزار 18 مریض صحت یاب ہوگئے۔ملک میں سب سے زیادہ کورونا کیسز پنجاب میں ہیں جہاں اب تک 40 ہزار 819 افراد میں کوویڈ 19 کی تصدیق ہوچکی ہے۔ علاوہ ازیں سندھ میں 41 ہزار 303، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار 31 ، گلگت بلتستان میں 974، آزاد کشمیر میں 444 اور اسلام آباد میں 5 ہزار 785 افراد میں اس وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان بھر میں کورونا سے 105 افراد لقمہ اجل بنے جو کہ اب تک ایک روز میں ملک میں اس وائرس سے ہونے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

اس طرح ملک میں اس وبا سے جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہزار 216 ہوگئی۔ریکارڈ مریضوں کے ساتھ جانی نقصان میں بھی پنجاب کا پہلا نمبر ہے جہاں اب تک 773 افراد اس وائرس کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ سندھ میں 679، خیبرپختونخوا میں 587 ، بلوچستان میں 58 اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 14 اور آزاد کشمیر میں 9 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ملک بھر میں 322 مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔دریں اثناءسندھ میں کورونا کی وبا تیزی سے اپنے پنجے گاڑ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے ٹیسٹس میں سے 25 فیصد کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔سندھ میں کورونا کی صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6995 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے نتیجے میں 1745 نئے کیسز سامنے آئے، 1745 نئے کورونا کیسز کا آنا ٹیسٹوں کا 25 فیصد ہے، اب تک صوبے میں 2 لاکھ 46 ہزار 517 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 41 ہزار 303 کیسز آئے۔ آج مزید 759 مریض ٹھیک ہوکر گھروں کو چلے گئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19896 ہوگئی ہے،آج تک 20711 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 19 ہزار 201 اپنے گھروں، ایک ہزار 461 مختلف اسپتالوں جب کہ 41 مختلف مراکز میں زیرعلاج ہیں۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 696 ہوگئی ہے، اس وقت 466 مریض تشویش ناک حالت میں ہیں، جن میں 71 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز میں سے کراچی میں 1184 نئے کیسز آئے ہیں، ضلع شرقی 362، وسطی 256، جنوبی میں 223، ملیر 123، غربی 113 اور کورنگی میں 107 مزید کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ سکھر 101، حیدرآباد 48 ، گھوٹکی میں 24، جیکب آباد اور دادو 15،15، جامشورو میں 14، شکارپور 13، خیرپور 12، کشمور میں 9، سجاول اور عمر کوٹ میں 6،6 ، قمبر 5 اور نوشہرو فیروز میں 3 ، میرپورخاص، ٹنڈو الہیار ، ٹنڈو محمد خان اور ٹھٹھہ میں 2،2 اور سانگھڑ میں ایک کیس رپورٹ ہوا۔وزیراعلی سندھ نے کہا کہ کراچی ،سکھر، حیدرآباد، بدین، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، احتیاطی تدابیر نہ کرنے سے صورتحال خراب سے ابتر ہوتی جارہی ہے، خدارا ایس او پی پر عمل کریں اپنی اور دوسروں کی زندگی بچانے میں حکومت کی مدد کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے