کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کی جانب سے شہر میں شدید گرمی کے موسم میں کے الیکٹرک کی طویل اور بدترین لوڈ شیڈنگ ،اوور بلنگ کے مسائل اور جعلی ایڈجسٹمنٹ کے نام پر شہریوں سے لوٹ مار کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز ہوگیا ہے ۔ جمعرات کو جے آئی یوتھ کے تحت شاہین کمپلیکس کے قریب کے الیکٹرک کے آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی ، جے آئی یوتھ کراچی کے قائم مقام صدر اسماعیل بلوچ اورضلع جنوبی کے صدر فرحان غفارنے بھی خطاب کیا ۔ بعد ازاں مظاہرے کے شرکاء نے سندھ اسمبلی کی بلڈنگ تک پیدل مارچ کیا ۔

جماعت اسلامی کے تحت جمعہ 26جون کو کے الیکٹرک کی نا اہلی وناقص کارکردگی، لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کے خلاف شہر بھر میں متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے ۔ مظاہروں سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ودیگر رہنما بھی خطاب کریں گے ۔ ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ کے الیکٹرک شدید گرمی اور حبس کے موسم میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کر کے عوام پر ظلم ڈھارہی ہے جس سے شہری بلبلارہے ہیں ،کے الیکٹرک نے حسب سابق لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ کر کے لوٹ کھسوٹ کابازار گرم کیا ہوا ہے ، کے الیکٹرک کو سیاسی جماعتوں اور اپوزیشن جماعتوں کی مکمل حمایت حاصل ہے ،دبئی میں سیاسی جماعتوں کے لیے فنڈنگ کی جاتی ہے جس سے پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں ایسا حکمرانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے جو کے الیکٹرک کو سپورٹ کرتے ہیں ،

جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی کے الیکٹرک کے خلاف زبردست تحریک چلائی تھی جس کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعدا د میں ریلیف ملا،جماعت اسلامی کے الیکٹرک کے خلاف تحریک جاری رکھے گی اور عوام پر کیے جانے والے ہر ظلم کے خلاف حساب لے گی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے