Home / پاکستان / گلگت بلتستان کو اصل شناخت ہم نے دی، بلاول زرداری

گلگت بلتستان کو اصل شناخت ہم نے دی، بلاول زرداری

غذر (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلال بھٹو زرداری نے کہاہے کہ جس ادارے کیساتھ پاکستان کا نام ہو حکومت نے اسے تباہ کردیا،اسلام آباد میں بیٹھا کٹھ پتلی سوچ رہا ہے کہ کارڈ سے بے نظیر کی تصویر ہٹائی جائے، عوام کے دلوں سے کیسے نکالوگے،ہم گلگت بلتستان کو حق ملکیت دلوائیں گے، کراچی اور سندھ میں مفت علاج کرسکتے ہیں تو یہاں بھی کرسکتے ہیں،جن کی وجہ سے سی پیک بنا، انہیں اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ وہ انتخابی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔جی بی کے سابق گورنر قمر زمان کائرہ، سہراب خان مری، ڈاکٹر کریم خواجہ اور قاسم نوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جی بی کے عوام کو ڈوگرہ راج سے اپنی جدوجہد سے اپنی آزادی حاصل کرنے پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے جی بی کے عوام کو ان کی کامیاب جدوجہد پر سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہمودی کی جیت کے لئے دعا کرنے والا‘ کلبھوشن کیلئے آرڈیننس لانے والا‘ کشمیر کا سودا کرنے والا اپوزیشن پر کیسے الزامات لگا سکتا ہے۔منافق کی چار نشانیاں ہوتی ہیں‘ وزیراعظم میں یہ چاروں موجود ہیں‘ انہوں نے جھوٹ کے سارے ریکارڈ توڑ دئیے ہیں صدر زرداری نے جی بی کو اسمبلی دی، گورنر اور وزیراعلیٰ دیا اور بی آئی ایس پی کے ذریعے غریب خواتین کے لئے ریلیف فراہم کیا۔ یہ سلیکٹڈ سمجھتا ہے کہ بی آئی ایس پی سے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی تصویر ہٹانے سے لوگ انہیں بھول جائیں گے جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا نام عوام کے دلوں پر نقش ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی بی میں پارٹی کی گزشتہ حکومت نے نوجوانوں کو 25ہزار نوکریاں فراہم کی تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جی بی کے عوام کی خوشحالی کے لئے شاہراہ قراقرم کی بنیاد رکھی۔ صدر زرداری نے سی پیک کی بنیاد رکھی لیکن آج ہر کوئی سی پیک کا کریڈٹ لینا چاہتا ہے۔ صدر زداری نے سی پیک کا آئیڈیا اس لئے دیا تھا تاکہ جی بی، فاٹا اور بلوچستان کے پسماندہ علاقے ترقی کریں اور سی پیک کے منصوبے کا پھل پاکستان کے غریب عوام کو ملے۔ اب 15نومبر وہ دن ہے جب جی بی کے عوام اپنا حق حاکمیت اور حق ملکیت وزیراعظم منتخب کرنے کا حق اور صوبہ حاصل کرنے کا حق لینے کے لئے پاکستان پیپلزپارٹی کو ووٹ دیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ آج کوئی شخص

جی بی کے لوگوں کو بیوقوف بنانے آیا تھا لیکن جی بی کے عوام اس شخص کو بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں یہ وہ شخص ہے جس نے مخالفین کو منافق کہا جبکہ منافقت کی ساری نشانیاں عمران خان کے اندر موجود ہیں۔ منافق کی چار نشانیاں ہیں، سب سے پہلی کہ وہ اپنا وعدہ پورا نہیں کرتا، دوسری یہ کہ وہ مستقل جھوٹ بولتا ہے، تیسری یہ کہ گندی زبان استعمال کرتا ہے اور چوتھی یہ کہ معاہدوں کی خلاف ورزری کرتا ہے۔ ایسا شخص ہی سلیکٹڈ اور کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان ہے۔ عمران خان خود کشمیر کو بھارت کے حوالے کر دیتا ہے اور پھر کہتا ہے کہ اپوزیشن کا بیانیہ بھارت کا بیانیہ ہے۔ عمران خان خود بھارتی انتخابات میں نریندر مودی کی انتخابی فتح کے لئے دعائیں کر رہے تھے۔

عمران خان وہ شخص ہے جس نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ریلیف دینے کے لئے رات کی تاریکی میں صدارتی آرڈیننس جاری کرایا تاکہ اسے پارلیمنٹ اور پاکستانی عوام سے چھپا سکے۔ عمران خان نے اپنی ہمشیرہ علیمہ خان کو این آر او دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے