Home / پاکستان / عمران خان جیسے آئے تھے ایسے ہی جائینگے‘مریم نواز

عمران خان جیسے آئے تھے ایسے ہی جائینگے‘مریم نواز

استور(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان جیسے آئے تھے ویسے ہی جائیں گے،گلگت بلتستان شیروں کی سرزمین ہے، بزدل لوٹے جھکتے بھی ہیں اور بکتے بھی ہیں، بزدلوں کو خریدا جاسکتا ہے تاہم گلگت بلتستان کے لوگوں کو نہیں، چاہتی ہوں استور کی خواتین کو کالجز یونیورسٹیاں اور مفت لیپ ٹاپس ملیں، گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو فور جی انٹرنیٹ ملنا چاہیے، نوازشریف نے 3سال آئینی اصلاحات کا کام کیا، گلگت بلتستان کا صوبہ بنا کر دیں گے، 2018 الگ وقت تھا، اس وقت دھاندلی کرلی گئی، گلگت بلتستان میں دھاندلی کی گنجائش نہیں، اب تمہارا پیچھا نہیں چھوڑوں گی، تمہیں گھر تک چھوڑ کر آؤں گی،دھاندلی کی کوشش کی تو گلگت بلتستان کے عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔ گلگت بلتستان کے علاقے چھوگام میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ

استور وہ جگہ ہے جہاں پیدا ہونے والے بچوں کا نام نواز شریف رکھا جاتا ہے، اگر آپ محبت کرنا جانتے ہیں تو نواز شریف اور مریم نواز بھی محبت نبھانا جانتے ہیں اور یہ رشتہ میں اپنی آخری سانس تک نبھاؤں گی۔انہوں نے کہاکہ جو وعدے یہاں کیے گئے ہیں اور جو کیے جائیں گے، وہ میں، نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) آپ سے نبھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر مجھے شہباز شریف کے بعد کوئی دوسرا وزیر اعلیٰ نظر آیا جس نے صحیح معنوں میں آپ کی خدمت کا حق ادا کیا اس کا نام ہے حافظ حفیظ الرحمن ہیں۔انہوں نے کہا کہ پورا پاکستان جھولیاں اٹھا اٹھا کر اس جعلی حکومت اور عمران خان کو بددعائیں دے رہا ہے، جس حکومت کو بددعائیں مل رہی ہوں تو کیا ایسی حکومت کو گلگت بلتستان کے باشعور عوام کبھی ووٹ دیں گے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے عوام کے نام پیغام میں کہا کہ شیر پر صرف ٹھپہ نہیں لگانا بلکہ اپنے ووٹ پر پہرہ بھی دینا، کسی کو اپنا ووٹ چوری کرنے کی اجازت نہیں دینی۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے ہر کونے سے صرف شیر اور نواز شریف کی آواز آ رہی ہے اور اگر تم نے دھاندلی کی کوشش کی تو یاد رکھو کہ عوام تمہیں چھوڑیں گے نہیں، 2018 اور وقت تھا جب تم نے دھاندلی کر لی لیکن اب ایسا کیا تو مریم نواز تمہارا پیچھا نہیں چھوڑے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے