Home / پاکستان / حکومت نے 5 نئے دینی مدارس بورڈز کی منظوری دیدی

حکومت نے 5 نئے دینی مدارس بورڈز کی منظوری دیدی

سلام آباد(بیورو رپورٹ) دینی مدارس کے نمائندہ بورڈز کی تعداد 10 ہوگئی جبکہ کراچی کی جامعہ الرشید کو انسٹیٹیوٹ کا درجہ مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں دینی مدارس کی بڑھتی ہوئی تعداد کے باعث وفاقی وزارت تعلیم نے پانچ مدارس بورڈز اورایک انسٹیٹیوٹ کی منظوری دے دی ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، نئے مدارس بورڈز کے قیام کے بعد پاکستان میں دینی مدارس کے نمائندہ بورڈز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔ملک بھر میں موجود دینی مدارس ان نئے بورڈز کیساتھ الحاق کرسکیں گے، جبکہ ان بورڈز کی اسناد کو روایتی تعلیمی بورڈز اور ہائیرایجوکیشن کمیشن کے مساوی تسلیم کیاجائیگا۔ پاکستان میں دینی مدارس کے نمائندہ پانچ مدارس بورڈ پہلے سے موجود ہیں جن میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان، وفاق المدارس العربیہ پاکستان، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان اور رابطہ المدارس الاسلامیہ پاکستان شامل ہیں۔ ان پانچوں مدارس بورڈ نے اتحاد تنظیمات مدارس دینیہ کے نام سے تنظیم بھی بنا رکھی ہے۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی بین المذاہب ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ نئے وفاق بنانے سے مدارس کے نظام میں بہتری آئیگی،حکومت مدارس کے دینی نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کر رہی،وژن مدارس کے طلبہ کر مین سٹریم پرلانا ہے،حکومت عقیدہ ختم نبوتؐ، ناموس رسالتؐ اور حرمت مدارس کی چوکیدار ہے،امید ہے نئی اصلاحات سے مدارس کے طلبہ کیلئے ترقی کی راہیں کھلیں گی۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطی اور بین المذاہب ہم آہنگی طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں علماء اور مدارس کا 35 سال کا مطالبہ پورا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم شفقت محمود نے پانچ نئے وفاقوں کو سرٹیفکیٹ جاری کردیئے ہیں،نئے وفاق بنانے سے مدارس کے نظام میں بہتری آئیگی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اصلاحات سے دینی مدارس کے طلبہ کیلئے مزید راستے کھلیں گے۔انہوں نے کہا کہ علماء کیساتھ مذاکرات کے نتیجہ میں مدارس میں طلبہ کو ایف اے تک بنیادی تعلیم لازمی فراہم کی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام پر وزیراعظم عمران خان، وزیر تعلیم شفقت محمود کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے