کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام (جے یوآئی)سندھ نے پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف 17جون سے تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے۔جس کی جمعیت علماء اسلام سندھ کی مجلس عاملہ نے منظوری دے دی ہے۔
صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ راشد محمود سومرو نے کہاکہ اپنی تحریک کا رخ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کی نااہل حکومت کی طرف بھی موڑ رہے ہیں۔سندھ میں کرپشن،لوٹ مار،تعلیم کی تباہ حالی اورصحت کی مخدوش حالت پر احتجاج کیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ احتجاج میں تباہ حال زراعت، حکمرانوں کی طرف سے پانی کی چوری، سندھ کی زمینیں بیچنے کے معاملے کو اٹھایاجائے گا۔علامہ راشدمحمودسومرو نے کہاکہ سندھ میں بڑھتے ہوئے قبائلی تکرار،اسٹریٹ کرائم،لوڈشیڈنگ و دیگر علاقائی ایشوز احتجاج کا حصہ ہوں گے۔ .
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کے خلاف شروع ہونے والی تحریک چار مرحلوں پر مشتمل ہوگی۔پہلے مرحلہ میں ضلعی ہیڈکواٹرز میں 17 جون بروز جمعرات کو پریس کلب کے سامنے مظاہرے کیئے جائیں گے۔دوسرے مرحلہ میں 29جولائی کو کراچی میں پی ڈی ایم کے ہونے والے جلسے میں سندھ کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ تیسرے مرحلہ میں تمام ضلعی ہیڈکواٹرز میں سندھ حکومت کے خلاف عوامی جلسے منعقد کئے جائیں گے جبکہ آخری مرحلہ میں گھوٹکی تا وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی تک لانگ مارچ ہوگا۔علامہ راشد سومرو نے مطالبہ کیاکہ بحریہ ٹاؤن کے خلاف پر امن احتجاج کرنے والی قوم پرست قیادت کو فوری آزاد کیا جائے اور جھوٹے مقدمات واپس لیئے جائیں اوراحتجاجی مظاہروں کے دوران مظاہرین پر تشدد کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے کہاکہ سندھ کی زمینوں کو مزید بیچنے نہیں دیا جائے گا، بحریہ ٹاؤن واقعہ کی اصل زمہ دار سندھ حکومت ہے