لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم جو کہتے ہیں وہ کرتے نہیں، جس کی وجہ سے حکومت کی کارکردگی زیرو ہے، ملک قرضوں سے نہیں چلتے،ہمارے حکمرانوں کی ترجیحات اور عوامی مفاد میں ٹکراؤہے۔
سراج الحق نے کہا کہ وزیر اعظم نے کرپشن کے خلاف جنگ کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن آج پورا ملک سرطان کی طرح کرپشن میں جکڑچکا ہے،حکومت کی ناقص پالیسی کی وجہ سے تاجر طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ تین برسوں میں مافیاز نے مدینہ کی فلاحی ریاست قائم کرنے کے نام پر خوب پیسے بنائے،عوام کرپشن فری پاکستان بنانے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔
سراج الحق نے کہا کہ حکومت مشاورت کرنے کے بجائے اپنے آپ کو عقل کل سمجھتی ہے، جس کی وجہ سے معیشت کا بیٹرہ غرق ہوگیا ہے، پرائیویٹ اور اسٹیک ہولڈرز کو اہمیت نہیں دی جارہی، حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے ایکسپورٹس نہیں بڑھ رہی، پی ٹی آئی اور ماضی کےحکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ، دونوں نے ہی ملک کو تباہ کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔