Home / تازہ ترین / افغانستان میں عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

افغانستان میں عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے، وزیر خارجہ

برسلز : وزیر خارجہ  شاہ محمود قریشی نے     کہا ہے  کہ پاکستان بیلجیم کو ایک قریبی دوست اور ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران سے نمٹنے ، مہاجرین کی نقل مکانی کے ممکنہ خطرے کو روکنے،اور افغانستان کو ایک بار پھر دہشت گردوں کی پناہ گاہ بننے سے محفوظ رکھنے کیلئے عالمی برادری کا تعاون ناگزیر ہے۔

 وزیر خارجہ نے  ایگمونٹ پیلس، برسلز میں بیلجیئم کی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ صوفی ولمس سے ملاقات  کی ۔  دوران ملاقات پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خارجہ نے دورہ  بیلجیئم کی دعوت پر اپنی بیلجین ہم منصب صوفی ولمس کا شکریہ ادا کیا ۔

 ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات اور اگست میں ہونیوالی ٹیلی فونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے ، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان بیلجیم کو ایک قریبی دوست اور ایک اہم تجارتی شراکت دار کے طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے مابین دوطرفہ تجارت میں خاطر خواہ اضافے اور باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں بڑھتے ہوئے دو طرفہ تعاون کو سراہا ۔  وزیر خارجہ نے پاکستان اور بیلجیئم کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے کہا   پاکستان، بیلجیئم کے ساتھ دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور سیاسی، اقتصادی، تجارتی، تعلیمی ، سائنسی و کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا متمنی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے